لندن: برطانوی پارلیمنٹ کی رکن ناز شاہ نے سانحہ ماڈل ٹاؤن لاہور کے 6 سال مکمل ہونے پر ٹویٹ میں لکھا کہ اس سانحے کے شہدا اور زخمی اب بھی انصاف کے منتظر ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق رکن برطانوی پارلیمنٹ ناز شاہ نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ آج سانحہ ماڈل ٹاؤن کو 6 سال مکمل ہو گئے ہیں، شہدا اور زخمی آج بھی انصاف کے منتظر ہیں۔
ناز شاہ نے لکھا کہ میں ماڈل ٹاؤن قتل عام میں بے دردی سے مارے جانے والوں بالخصوص شازیہ مرتضیٰ اور تنزیلہ امجد کو یاد کر رہی ہوں، مجھے امید ہے کہ پی ٹی آئی حکومت اس سانحے کو یاد رکھے گی۔
Tomorrow, I will remember Shazia Murtaza, Tanzila Amjad and those brutally murdered in the #ModelTownMassacre on its 6th Anniversary. I hope @ImranKhanPTI and his government will also remember this awful tragedy. #SilenceOnMTcasepic.twitter.com/zc8bx3Gj4U
— Naz Shah MP (@NazShahBfd) June 16, 2020
یاد رہے کہ 17 جون 2014 کو لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں جامع منہاج القرآن کے دفاتر اور پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ علامہ طاہر القادری کی رہایش گاہ کے باہر بیریئر ہٹانے کے لیے خونی آپریشن کیا گیا تھا، جس میں خواتین سمیت 14 افراد جاں بحق جب کہ 90 افراد زخمی ہو گئے تھے۔
13 فروری 2020 کو سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں سپریم کورٹ نے لاہور ہائی کورٹ کو کیس کا فیصلہ 3 ماہ میں کرنے اور نیا بینچ تشکیل دینے کا حکم دیا تھا، چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی تھی، عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں کئی زندگیاں چلی گئیں اور کئی لوگ زخمی بھی ہوئے، اب اس کا فیصلہ ہونا چاہیے۔