لاہور: پاکستان عوامی تحریک کی زیرقیادت اپوزیشن اتحاد کا احتجاجی جلسہ آج ہونے جا رہا ہے، احتجاج کی تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق سانحہ ماڈل ٹاؤن کے متاثرین کو انصاف دلانے کیلئے پاکستان عوامی تحریک کی زیرقیادت اپوزیشن اتحاد کا فیصلہ کن احتجاج آج ہورہا ہے ، تمام اپوزیشن جماعتیں ایک پیج پر ہے، بڑے جلسے کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں ، ڈاکٹر طاہرالقادری کا خصوصی کنٹینر بھی پہنچا دیا گیا ہے ، چیرنگ کراس پرپنڈال سج گیا اور کرسیاں لگ گئیں۔
جلسے میں شرکت کیلئے کارکن قافلوں کی صورت میں پہنچ رہے ہیں جبکہ پنڈال اور اطراف میں پی اے ٹی، پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف کے بینرز آویزاں کیے گئے ہیں، جلسے میں شرکت کیلئے پنجاب کے دیگر شہروں سے بھی لوگ قافلوں کی صورت پہنچ رہے ہیں۔
عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے احتجاجی جلسے کےلئے آج دوپہر 12 بجے کا وقت دیتے ہوئے اعلان کیا کہ ایک ہی کنٹینر کے ایک ہی اسٹیج پر سب خطاب کریں گے ۔
پی ایس پی کا وفد بھی چیئرمین مصطفیٰ کمال کی زیرقیادت احتجاج میں شریک کیلئے لاہور پہنچ گیا ہے۔
دوسری جانب پنجاب حکومت نےبھی احتجاج سےنمٹنےکیلئے حکمت عملی طےکرلی، رینجرزکی تین کمپنیاں مال روڈ پر جبکہ گورنرہاؤس اوردوسرےحساس مقامات پرتعینات ہوں گی۔
مزید پڑھیں : حکومت کے جانے کا وقت آگیا، سب ایک ہی کنٹینرپر ہوں گے: قادری
ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا ہے کہ پی اے ٹی دھرنا کے پیش نظر رینجرزکواسٹینڈبائی رکھاگیاہے، سیکیورٹی کیلئے5ہزارپولیس اہلکار تعینات کئے گئےہیں جبکہ 1200ٹریفک وارڈنز ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔
ڈاکٹر حیدر اشرف نے کہا کہ کسی بھی ہنگامہ آرائی کی ذمہ دارپی اےٹی انتظامیہ ہوگی، مال روڈ کے اطراف اسکولوں کو بند کردیا گیا ہے جبکہ مال روڈ جانیوالے راستوں کوبند کیا جارہا ہے۔
جلسے کےباعث مال روڈپرتمام کاروباری مراکزاورتین بڑےتعلیمی ادارےآج بندرہیں گے، پنجاب یونیورسٹی اولڈکیمپس،نیشنل کالج،گورنمنٹ کالج میں بھی چھٹی ہے، چیئرنگ کراس کی اطراف میں چھ سرکاری اسکول بھی بندہیں۔
پرائیویٹ اسکولزایسوسی ایشن کے اعلان کے بعد آج پرایئویٹ تعلیمی ادارے بھی بند ہیں جبکہ لاہورکی ضلعی انتظامیہ نےلاہورچڑیا گھربھی سیاحوں کےلئےبندرکھنے کا اعلان کیا ہے۔
محکمہ پنجاب صحت نےلاہور کے سرکاری اسپتال احتجاج کےموقع پرجان بچانےوالی دواؤں کی دستیابی یقنی بنانے کیلئے مراسلہ جاری کردیا، مراسلےمیں کہاگیاہےکہ کوئی ڈاکٹرغیرحاضرنہ ہو،نیم طبی عملہ بھی ڈیوٹی پرموجود رہے۔
محکمہ صحت نےلاہورکےسرکاری اسپتالوں کوالرٹ جاری کردیا اور کہا کہ اسپتالوں میں سیکیورٹی کی غفلت برداشت نہیں کی جائیگی۔
متحدہ اپوزیشن کے احتجاج کیلئے ڈی جے ولی سن نے نیا گانا تیار کرلیا ہے ، گانے میں سانحہ ماڈل ٹاؤن،قصور پر انصاف کے حصول کیلئے آواز بلند کی گئی ہے، ڈی جے ولی سن کا کہنا ہے کہ آج احتجاج کے دوران نیاگانا بجایا جائے گا۔