وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ مودی بھی زور لگائے گا اور پی ٹی آئی بھی لیکن کچھ نہیں کرسکیں گے۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام خبر میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا کہ معرکہ حق میں مودی کا دھڑن تختہ ہوا اور پی ٹی آئی کا بھی نقصان ہوا ہے، معرکہ حق دراصل حق و باطل کی لڑائی تھی، معرکہ حق کا نتیجہ خدانخواستہ کچھ اور ہوتا تو پی ٹی آئی آسمان سر پر اٹھا لیتی۔
رانا ثنا نے کہا کہ پی ٹی آئی والے بڑی باتیں کررہے ہیں لیکن کچھ نہیں کرسکیں گے، بات کرنے سے کسی کو نہیں روکا جاسکتا، تحریک چلانا پی ٹی آئی والوں کا کام نہیں ہے۔
انھوں نے کہا کہ معرکہ حق میں پاکستان کی کامیابی ہوئی اسی لیے پوری قوم فخر کررہی ہے، نقصان کی بھرپائی کرنےکیلئےپی ٹی آئی تحریک چلانے کی کوشش کریگی۔
رانا ثنااللہ نے کہا کہ مودی بھی بھڑکیں لگارہا ہے یہ کچھ نہیں کرسکیں گے، پی ٹی آئی اب کچھ بھی نہیں کرسکے گی یہ ریکارڈ پررکھ لیں۔
پی ٹی آئی کا مقصد صرف بانی پی ٹی آئی کو جیل سے باہر لانا ہے تو یہ کوئی نظریہ نہیں، بانی پی ٹی آئی کو صرف جیل سے باہر لانا ہے تو پی ٹی آئی کوئی سیاسی جماعت نہیں۔
انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سیاسی جماعت ہے تو سیاسی جماعتوں کیساتھ بیٹھ کر بات کرنی چاہیے، پاکستان تحریک انصآف کو چارٹر آف ڈیموکریسی کرنی چاہیے، ملکی مسائل پر بات کرنی چاہیے۔