کامن ویلتھ گیمز 2022 میں سونے کا تمغہ نہ جیت پانے پر بھارتی ریسلر آبدیدہ ہوگئیں، ان کے معذرت کرنے پر وزیر اعظم نریندر مودی نے انہیں دلاسہ دیا اور حوصلہ افزائی کی۔
بھارتی ریسلر پوجا گہلوٹ نے 50 کلو گرام کی کیٹگری کے مقابلوں میں حصہ لیا تھا تاہم وہ سونے کا تمغہ حاصل کرنے میں ناکام رہیں۔
میچ کے بعد ہونے والی پریس کانفرنس میں وہ آبدیدہ ہوگئیں اور انہوں نے معذرت کی کہ ان کی وجہ سے ایونٹ میں بھارتی قومی ترانہ نہیں گونج سکا۔
کانسی کا میڈل حاصل کرنے کے بعد انہوں نے کہا کہ میں اپنی غلطیوں سے سیکھنے کی کوشش کروں گی، میری خواہش تھی اس موقع پر ہمارے ملک کا قومی ترانہ بجے، مگر۔۔
اس کے ساتھ ہی وہ جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں اور ان کے آنسو بہہ نکلے۔
ان کی یہ ویڈیو سامنے آنے کے بعد بے شمار بھارتیوں نے ان کے جذبے کو سراہا اور حوصلہ دیا جن میں ملک کے وزیر اعظم نریندر مودی بھی شامل ہیں۔
Pooja, your medal calls for celebrations, not an apology. Your life journey motivates us, your success gladdens us. You are destined for great things ahead…keep shining! ⭐️ https://t.co/qQ4pldn1Ff
— Narendra Modi (@narendramodi) August 7, 2022
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں وزیر اعظم مودی نے کہا کہ پوجا آپ کا میڈل جشن کا متقاضی ہے، معذرت کا نہیں۔ آپ کی زندگی کا سفر ہمارے لیے حوصلہ افزا ہے۔
پوجا کے کانسی کا تمغہ جیتنے پر بھارتی وزیر اعظم نے جو ٹویٹ کیا تھا اس میں انہوں نے کہا کہ پوجا گہلوٹ کو ریسلنگ میں کانسی کا تمغہ جیتنے پر مبارکباد، انہوں نے بڑی بہادری سے مقابلہ کیا اور ان کی تکنیکی برتری بھی دکھائی دی۔
کامن ویلتھ گیمز 2022 میں ریسلنگ کے دوسرے اور آخری روز بھارت نے 6 سونے کے تمغے جیتے جبکہ 1 چاندی اور 5 کانسی کے تمغے حاصل کیے۔