اسلام آباد: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے بھارتی وزیر اعظم کو دہشت گرد رہنما قرار دے دیا، انھوں نے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ نریندر مودی بنیادی طور پر ایک دہشت گرد لیڈر ہے۔
تفصیلات کے مطابق شیخ رشید نے مقبوضہ کشمیر کی بگڑی صورت حال پر ایک ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ آیندہ 15 دن میں سرینگر کے حالات مزید کشیدہ دیکھ رہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ نریندر مودی نے 35 سے 40 ہزار مزید فوجی کشمیر بھیج دیے، سری نگر میں آرٹیکل 35 اور 37 نافذ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، اس آرٹیکل کا نفاذ سرینگر کو براہ راست دہلی کے زیر اثر لانے کی کوشش ہے۔
شیخ رشید نے مزید کہا کہ نریندر مودی اسرائیل کی طرز کا اسٹرکچر کشمیر میں لانا چاہتا ہے، مودی کو اصل تکلیف عمران خان اور ڈونلڈ ٹرمپ کی ملاقات سے ہوئی ہے، ڈونلڈ ٹرمپ نے نریندر مودی کو پوری طرح بے نقاب کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: چیئرمین سینیٹ کا مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر دنیا بھر کی پارلیمنٹس کے نام خط
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سب کو پتا چل گیا ہے مودی کی زبان امریکا میں کچھ اور دہلی میں کچھ ہے، پوری قوم کو ایک ہو کر پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہونا ہے، کشمیریوں کی جدوجہد کو پرنٹ، سوشل اور الیکٹرانک میڈیا ہر جگہ پھیلایا جائے۔
خیال رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بگڑتی صورت حال کے پیش نظر ایک طرف وزیر اعظم عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود نے او آئی سی سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا دوسری طرف چیئرمین سینیٹ نے دنیا بھر کی پارلیمنٹس کے نام اس سلسلے میں خط بھی لکھ دیا ہے۔