پیر, مئی 12, 2025
اشتہار

مودی کی نئی کابینہ کا اعلان، ایس جے شنکر وزیر خارجہ مقرر

اشتہار

حیرت انگیز

نئی دہلی: بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی نئی کابینہ کا اعلان کردیا گیا، راج ناتھ سنگھ کو وزیر دفاع اور ایس جے شنکر کو وزیر خارجہ مقرر کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق نریندر مودی کے دوسری بار بھارت کے وزیر اعظم کے منصب کا حلف اٹھانے کے بعد ان کی نئی کابینہ ارکان کے ناموں کا بھی اعلان کردیا گیا۔

نئی کابینہ میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے سابق صدر امیت شاہ کو بھارتی وزیر داخلہ مقر کیا گیا ہے، سابق خارجہ سیکریٹری جے شنکر نئے وزیر خارجہ ہوں گے۔

سابق وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کو وزیر دفاع مقرر کیا گیا ہے جبکہ اداکارہ اور سابق وزیر تعلیم سمرتی ایرانی کو خواتین، بچوں اور ٹیکسٹائل کی وزارت دی گئی ہے۔

اسی طرح نرمالہ سیتا رام کو وزیر خزانہ اور کارپوریٹ افیئرز، روی شنکر پرساد کو وزیر قانون و انصاف، پرکاش جاویدکر کو وزیر ماحولیات، پیوش گویال کو وزیر ریلوے، مختار عباس نقوی کو وزیر برائے اقلیتی امور، اروند ساونت کو وزیر برائے ہیوی انڈسٹری اور کیرن رججو کو وزیر برائے امور نوجوانان مقرر کیا گیا ہے۔

نئی کابینہ نے وزیر اعظم کی حلف برداری کے بعد اپنے عہدوں کا بھی حلف اٹھا لیا۔ مودی کی نئی کابینہ میں سشما سوراج اور ارون جیٹلی جیسے اہم رہنما شامل نہیں ہیں۔

مودی کی وزارت عظمیٰ کے پہلے دور سنہ 2014 میں 45 رکنی کابینہ نے حلف اٹھایا تھا جو 2019 تک بڑھتے بڑھتے 75 رکنی ہوگئی تھی۔

خیال رہے کہ عام انتخابات 2019 میں بھارتیہ جنتا پارٹی نے لوک سبھا کی 542 نشستوں میں سے 303 پر کامیابی حاصل کی ہے، بی جے پی کی قیادت میں نیشنل ڈیمو کریٹک الائنس (این ڈی اے) نے کل 350 نشستیں حاصل کیں۔

اس فتح کے بعد بی جے پی بھارتی تاریخ میں کانگریس کے بعد وہ دوسری جماعت بن گئی جس نے لگاتار دوسری مرتبہ حکومت بنائی ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں