لندن: انگلش آل راؤنڈر معین علی بھی دورہ پاکستان کے لیے پرجوش ہیں، معین علی کا کہنا ہے کہ وہ ٹیم کے ساتھ پاکستان جانے کے لیے بے تاب ہیں۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق انگلش آل راؤنڈر معین علی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں پی ایس ایل کھیلنے کا تجربہ بہترین رہا، انگلش ٹیم کے پاکستان جانے کا بے صبری سے انتظار ہے۔
معین علی کا کہنا تھا کہ طویل عرصے بعد انگلش ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی۔
خوشی ہے برطانوی ٹیم پاکستان میں کھیلے گی، برطانوی ہائی کمشنر
دوسری جانب پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر کرسٹن ٹرنر نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ پاکستان میں تعیناتی کے بعد سے برطانوی کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان ہدف تھا، خوشی ہے انتظار کے 16 سال بعد برطانوی ٹیم 2021 میں پاکستان میں کھیلے گی۔
کرسٹن ٹرنر نے کہا کہ کرکٹ ہمارے خون میں شامل ہے، برطانوی کرکٹ ٹیم کے دورے کے لیے بہت محنت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور انگلینڈ کرکٹ بورڈ سمیت سب کا شکر گزار ہوں، برطانوی ٹیم کے دورے سے پاکستان کے میدانوں کی رونقیں بحال ہوں گی۔
مزید پڑھیں: انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے دورہ پاکستان کا اعلان کر دیا
واضح رہے کہ اس سے قبل انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے دورہ پاکستان کا اعلان کیا تھا، انگلش ٹیم آئندہ سال 12 اکتوبر کو پاکستان پہنچے گی۔
انگلش ٹیم 2 ٹی ٹوئنٹی میچز کے لیے پاکستان کا دورہ کرے گی، دونوں میچز 2021 میں 14،15 اکتوبر کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔