لندن: مصر سے تعلق رکھنے والے اسٹار فٹ بالر محمد صلاح کے نئے مجسمے کو شدید تنقید کا سامنا ہے.
تفصیلات کے مطابق انگلش کلب لیورپول سے کھیلنے والے محمد صلاح کے مجسمے کی مصر کے شہر شرم الشیخ میں اتوار کے روز ورلڈ یوتھ فورم میں نقاب کشائی ہوئی.
آرٹسٹ نے مصری اسٹار کے گول اسکور کرنے کے بعد جشن منانے کے مخصوص انداز کو مجسمے میں ڈھالا، البتہ مداحوں کو یہ مجسمہ قطعی پسند نہیں آیا اور اس پر ہر طرف سے تنقید کے تیر برسنے لگے.
سوشل میڈیا پر اسے ممتاز پرتگالی فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو کے گذشتہ برس سامنے آنے والے مجسمے سے بھی بدتر قرار دیا گیا.
یاد رہے کہ گذشتہ سال مدیرہ ہوائی اڈے پر ایمانیوئل کا بنایا ہوا رونالڈو کا مجسمہ نصب کیا گیا تھا، جس پر کڑی تنقید کی گئی.
کچھ ایسا ہی معاملہ محمد صلاح کا مجسمہ بنانے والے فن کار مائے عبداللہ کے ساتھ پیش آیا، مجسمہ ساز کا موقف تھا کہ فن پارے کے پیچھے یہ خیال تھا کہ محمد صلاح مصری نوجوانوں کے لیے رول ماڈل ہیں۔
نقاب کشائی کے موقع پر یوتھ فورم میں مصری صدر عبدالفتح السیسی سمیت ہزاروں لوگ شریک تھے.
مداحوں کو شکوہ تھا کہ یہ مجسمہ مصری اسٹار محمد صلاح کے بجائے گلوکار لیو سیئر یا فلم ہوم الون کے کردار مارئوو سے زیادہ مماثلت رکھتا ہے۔