لندن: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ محمد عامر ٹیم میں کھیلنے کے لیے بالکل تیار ہیں اور کل کے میچ کے لیے دستیاب ہیں۔
تفصیلات کے مطابق نیوز کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ ورلڈ کپ سے قبل میچز کھیل کر اپنی پرفارمنس کا اندازہ ہو گیا ہے، پرفارمنس ٹیسٹ ہمیں ورلڈ کپ میں نا قابل شکست بنائے گا۔
کپتان کا کہنا تھا کہ امید ہے ہم شکستوں کے تسلسل کو توڑ دیں گے، اگر ہم ٹاس جیت گئے تو پہلے بیٹنگ کریں گے، میں ٹیم میں پانچویں نمبر پر بیٹنگ کروں گا۔
سرفراز احمد نے کہا کہ ڈیتھ اوورز میں بیٹنگ کرنی پڑی تو پھر ان کی بیٹنگ آرڈر مختلف ہو سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ورلڈ کپ 2019: جنوبی افریقہ کا انگلینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ
انھوں نے کہا کہ پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے ملکہ برطانیہ سے مل کر اچھا لگا، ملکہ سے ملاقات اعزاز کی بات ہے، قومی لباس کی نمائندگی پر خوشی ہوئی۔
کپتان کا کہنا تھا کہ کوشش ہوگی کہ بیٹنگ کرتے ہوئے تین سو پلس بنائیں، ہماری بیٹنگ بری نہیں، انگلینڈ اور پاکستان کے کھیلنے کا انداز مختلف ہے۔
خیال رہے کہ عالمی کرکٹ کے میگا ایونٹ کا با قاعدہ آغاز آج سے اوول لندن میں ہو گیا ہے، افتتاحی میچ انگلینڈ اور جنوبی افریقا کے درمیان کھیلا جا رہا ہے، افتتاحی میچ میں جنوبی افریقا نے ٹاس جیت کر میزبان انگلینڈ کے خلاف فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم اپنا میچ 31 مئی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گی جو پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈھائی بجے شروع ہوگا۔