کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عامر نے ایک بار پھر کہا ہے کہ ان کا ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر اور پی ایس ایل میں کراچی کنگز کی نمائندگی کرنے والے محمد عامر کہتے ہیں کہ ٹیسٹ کرکٹ نہیں کھیلیں گے، عامر نے گزشتہ سال اچانک ٹیسٹ کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا تھا۔
ان کا کہنا ہے کہ پابندی کے پانچ سال تک بالکل کرکٹ نہیں کھیلی اور پھر تینوں فارمیٹ کے میچز کھیلے، اتنی کرکٹ سے میری باڈی پر پریشر تھا اور میں تھک جاتا تھا۔
محمد عامر کا کہنا تھا کہ اگر مجھے اگلے چھ سال مزید کرکٹ کھیلنی ہے تو ٹیسٹ کرکٹ چھوڑنی ہی تھی۔
مزید پڑھیں: فاسٹ باؤلر محمد عامر نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر منٹ لے لی
واضح رہے کہ قومی ٹیم کے بولنگ کوچ وقار یونس نے چند ماہ قبل محمد عامر اور وہاب ریاض کے ٹیسٹ کرکٹ چھوڑنے پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
یاد رہے کہ سابق کپتان اور کمنٹیٹر رمیز راجا نے بھی دونوں کھلاڑیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس وقت قومی ٹیم کو ان کی ضرورت تھی تو انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا۔
قومی ٹیم میں ان دنوں محمد عامر اور وہاب ریاض کی جگہ شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور محمد عباس فاسٹ بولر کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔