کراچی: کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے ایم ڈی مصباح فرید الدین کو عدالتی حکم پر عہدے سے ہٹا کر محمد رمضان اعوان کوعارضی طور پر چارج دے دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے مختلف محکموں میں تقرریوں اور تبادلوں کے سلسلے جا ری ہیں جس کے تحت افتخار احمد شلوانی کو سیکریٹری قانون و پارلیمانی امور مقرر کردیا گیا۔
اسی طرح چیف انجینئر احمد جنید میمن سے سیکریٹری آب پاشی کا اضافی چارج واپس لے کر محکمے میں رپورٹ کرنے کا کہا گیا ہے جب کہ ان کی جگہ جمال مصطفی سید کو سیکریٹری آب پاشی کا اضافی چارج دے دیا گیا۔
دوسری جانب عدالت کے حکم پر مصباح الدین فرید سے ایم ڈی واٹر بورڈ کراچی کا اضافی چارج واپس لے کر سیکریٹری لوکل گورنمنٹ محمد رمضان اعوان کو عارضی طور پر ایم ڈی واٹر بورڈ کا اضافی چارج دے دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اس حوالے سے اسٹیبلشمنٹ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے نوٹی فکیشن بھی جا ری کردیا گیا ہے اور تمام تقرریاں اور تبادلے فوری طور ہر نافذ العمل ہوں گی۔