دبئی: اسپاٹ فکسنگ کیس میں سزا یافتہ فاسٹ بولر محمد آصف کی دبئی میں لیگ کرکٹ کھیلنے کی خواہش پوری نہ ہوسکی انہیں دبئی ایئرپورٹ سے ڈی پورٹ کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق متنازع فاسٹ بولر محمد آصف کو اس وقت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا جب انہیں دبئی ایئرپورٹ سے واپس پاکستان بھیج دیا گیا، وہ چند گھنٹے ایئرپورٹ امیگریشن حکام کی حراست میں رہنے کے بعد شارجہ میں ٹیپ بال کرکٹ ٹورنامنٹ کھیلے بغیر وطن واپس لوٹ آئے۔
گزشتہ دنوں فاسٹ بولر نے لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شارجہ میں ٹیپ بال کرکٹ کھیلنے کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا تھا لیکن ماضی نے اب بھی ان کا پیچھا نہیں چھوڑا اور انہیں دبئی ایئرپورٹ سے واپس بھجوا دیا گیا۔
محمد آصف کا کہنا ہے کہ میری کلیئرنس ہونے کے بعد مجھے ویزہ ملا تھا لیکن لیٹر نہ ہونے کی وجہ سے مجھے متحدہ عرب امارات میں داخل ہونے کی اجازت نہیں مل سکی۔
واضح رہے کہ دس برس قبل محمد آصف کو پرس میں منشیات رکھنے کے جرم میں حراست میں لیا گیا تھا بعد میں بڑی منت سماجت کے بعد انہیں رہائی ملی تھی تاہم ان پر دبئی کے دروازے بند کردیئے گئے تھے۔
یاد رہے کہ محمد آصف 2010 میں اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں ملوث پائے گئے تھے جس پر انہیں 5 سال کے لیے ہر طرز کی کرکٹ سے دور کردیا گیا تھا، سزا پوری کرنے کے بعد وہ اب واپڈا کی نمائندگی کررہے ہیں۔
کبھی شعیب اختر سے جھگڑا تو کبھی وینا ملک سے اسکینڈلز کی زد میں رہنے والے فاسٹ بولر محمد آصف کو پی ایس ایل کے تینوں سیزن میں کسی فرنچائز نے اپنی ٹیم میں منتخب نہ کیا، میچ ونر بولر کا کیریئر اب اختتام کے قریب ہے جبکہ قومی ٹیم میں اب ان کی جگہ نوجوان فاسٹ بولروں نے لے لی ہے۔