لاہور: آئی سی سی کے بولنگ ایکشن معیار پر تنقید کرنے والے آل راؤنڈر محمد حفیظ کو پی سی بی ڈسپلنری کمیٹی سے معافی مل گئی۔
تفصیلات کے مطابق آل راؤنڈر محمد حفیظ پی سی بی ڈسپلنری کمیٹی کے سامنے پیش ہوئے اور اپنا موقف پیش کیا، کمیٹی نے ان کی معافی کو قبول کرتے ہوئے میڈیا کے سامنے وضاحت پیش کرنے کی ہدایت دی۔
پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں محمد حفیظ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ میرا مقصد آئی سی سی کے بولنگ ایکشن کے حوالے سے قوانین کو تنقید کا نشانہ بنانا ہر گز نہیں تھا۔
محمد حفیظ نے واضح کیا کہ اپنے انٹرویو میں کسی بھی کرکٹ بورڈ کا ذکر نہیں کیا، میں نے صرف بولنگ ایکشن کے معیار کو بہتر کرنے کی تجویز دی گئی تھی تاکہ کسی شک و شبے کی گنجائش نہیں رہے بدقسمتی سے میری بات کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا۔
مزید پڑھیں: آئی سی سی پر تنقید، محمد حفیظ نے پی سی بی کے شوکاز نوٹس کا جواب جمع کرادیا
واضح رہے کہ بولنگ ایکشن کلیئر ہونے کے بعد محمد حفیظ نے آئی سی سی کے بولنگ ایکشن کے معیار پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا بولنگ ایکشن سے متعلق قانون پر کئی چیزیں اثر انداز ہورہی ہیں، متعدد کرکٹ بورڈز کی طاقت کے سامنے کوئی بولنا نہیں چاہتا۔
محمد حفیظ کو پی سی بی نے شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے وضاحت طلب کی تھی جس پر آل راؤنڈر نے شوکاز نوٹس کا جواب جمع کرادیا تھا۔