لندن: قومی ٹیم کے سینئر کھلاڑی محمد حفیظ نے کہا ہے کہ سرفراز احمد کی کپتانی پر سب کو اعتماد ہے، ٹیم میں کوئی تفریق نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے آل راؤنڈر محمد حفیظ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پتا ہے اچھا کھیل نہ دکھا سکے لیکن قوم سے ایسے ردعمل کی امید نہ تھی، میڈیا نے بھی ضرورت سے زیادہ تنقید کی۔
انہوں نے کہا کہ ہم کھلاڑی ہیں ہار جیت زندگی کا حصہ ہے، پرعزم اور متحد ہیں آئندہ اچھی کارکردگی دکھائیں گے، جنوبی افریقہ سے آئندہ میچ میں اچھی کارکردگی دکھا کر کم بیک کریں گے۔
محمد حفیظ نے کہا کہ ٹویٹس پڑھ کر فیصلے نہیں کیے جاتے، کنڈیشنز دیکھ کر کپتان اور مینجمنٹ نے ٹاس کا جو فیصلہ کیا وہ ٹھیک تھا۔
انہوں نے کہا کہ آل راؤنڈر شعیب ملک کی حالیہ کارکردگی پر تنقید کریں مگر ان کے کیریئر کو تنقید کا نشانہ نہیں بنایا جائے۔
We are a team and we are going to bounce-back: @MHafeez22#CWC19 #WeHaveWeWill pic.twitter.com/1AbELMbY4c
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) June 20, 2019
مزید پڑھیں: سرفراز احمد میں اعتماد نظرنہیں آرہا، اس کی جارحانہ مزاجی کھو گئی ہے، نجم سیٹھی
حفیظ نے اعتراف کیا کہ ہم نے میچ میں خراب بولنگ کی، شکست کی ذمہ داری کسی ایک پر نہیں ڈال سکتے، کوچز سمیت تمام افراد بری کارکردگی کے ذمہ دار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پوائنٹس ٹیبل پر سب سے نیچے دیکھ کر دکھ ہورہا ہے، ماضی میں ہم اسی طرح گر کر اٹھے ہیں اور آئندہ میچز میں یہ ٹیم مختلف ہوگی۔
واضح رہے کہ قومی ٹیم ورلڈ کپ میں صرف ایک میچ انگلینڈ کے خلاف جیت سکی ہے جبکہ ایک میچ بارش کی نذر ہوا، گرین شرٹس کو آسٹریلیا، بھارت اور ویسٹ انڈیز سے شکست ہوئی تھی۔
خیال رہے کہ قومی ٹیم کو اپنا اگلا میچ جنوبی افریقہ کے خلاف 23 جون بروز اتوار کو کھیلنا ہے۔