قومی ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ نے کھلاڑیوں کی پی آر ایجنسیز پر کڑی تنقید کردی۔
سابق کپتان محمد حفیظ نے کہا کہ پاکستان کو پی آر ایجنسیز نے نہیں، کامران غلام، ساجد خان اور نعمان علی جیسے میچ ونرز نے انگلینڈ کے خلاف کامیابی دلوائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نعمان علی نے گیارہ اور ساجد خان نے نو وکٹیں لے کر میچ کا پانسہ پلٹا۔
دوسری جانب سابق کپتان بابر اعظم نے بھی ٹیم کو مبارک باد دی جبکہ شاہین آفریدی نے بھی ساجد، نعمان علی، کامران غلام اور آغا سلمان کی تعریف کی۔
واضح رہے کہ قومی اسپنرز کی جادوئی بولنگ کی بدولت پاکستان نے انگلینڈ کو ملتان میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں 152 رنز سے شکست دے دی۔
دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے انگلینڈ کو 152 رنز سے شکست دے کر تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز ایک، ایک سے برابر کر دی۔ یہ قومی ٹیم کی ہوم گراؤنڈ پر ٹیسٹ میچ میں ساڑھے تین سال بعد پہلی فتح ہے۔
پاکستانی اسپنرز کی جوڑی ساجد خان اور نعمان علی کی گھومتی ہوئی بالز کا انگلینڈ کے بلے باز مقابلہ نہ کر سکے اور پہلے سیشن میں 8 وکٹیں گنوا دیں۔
میچ کے چوتھے روز انگلینڈ نے جیت کے لیے ملنے والے 297 رنز کے ہدف کے تعاقب میں دو وکٹوں پر 36 رنز کے ساتھ دوسری ادھوری اننگ کا آغاز کیا اور پوری ٹیم صرف 144 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ ساجد خان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔