ابوظبی: ٹیسٹ کرکٹر محمد حفیظ نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق محمد حفیظ نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ فیصلہ ذاتی ہے اپنے کیریئر سے مطمئن ہوں، 2 ہفتے سے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا سوچ رہا تھا۔
واضح رہے کہ محمد حفیظ کیریئر کا آخری ٹیسٹ میچ ابوظبی میں کھیل رہے ہیں۔ انہیں ٹیسٹ میچز میں حالیہ کارکردگی پر تنقید کا سامنا رہا، نیوزی لینڈ کے خلاف بھی وہ صفر کے اسکور پر پویلین لوٹ گئے تھے۔
محمد حفیظ نے کہا کہ پی سی بی کا شکر گزار ہوں 15 سال ٹیسٹ کرکٹ کھیلی، اپنے تمام کھلاڑیوں اور ٹیم مینجمنٹ کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
All rounder @MHafeez22 announces retirement from Test cricket. pic.twitter.com/W31Sb0a82S
— PCB Official (@TheRealPCB) December 4, 2018
محمد حفیظ کی آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں واپسی ہوئی اور انہوں نے شاندار سنچری اسکور کی لیکن اس کے بعد وہ ٹیسٹ میچز کی 7 اننگز میں صرف 66 رنز بناسکے تھے۔
پروفیسر کے نام سے معروف محمد حفیظ نے 53 ٹیسٹ میچز کھیلے 3644 رنز اسکور کیے جس میں 10 سنچریاں اور 12 نصف سنچریاں شامل ہیں، اور ان کا اوسط 34.05 ہے۔
حفیظ ون ڈے اور ٹی ٹوینٹی کرکٹ میں قومی ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔