پاکستان کے سابق کپتان محمد حفیظ نے پی ایس ایل اور آئی پی ایل کے موازنے پر اپنی رائے ظاہر کردی۔
پاکستان میں پی ایس ایل کے سنسنی خیز مقابلے جاری ہیں وہیں بھارت کی لیگ آئی پی ایل بھی کرکٹ شائقین کو تفریح فراہم کررہی ہے دونوں لیگز میں دنیا بھر سے کھلاڑی شرکت کررہے ہیں۔
شیڈول ایک ساتھ ہونے پر سوشل میڈیا پر دنیا کی بہترین لیگ کے بارے میں بحث شروع ہوگئی۔
محمد حفیظ بھی پی ایس ایل اور آئی پی ایل کے موازنے کی بحث میں شامل ہوئے ہیں، ایکس پر ایک بھارتی صارف نے سابق کپتان سے پوچھا کہ دونوں لیگز کے درمیان موازنے پر اپنا نقطہ نظر بیان کریں۔
جواب میں انہوں نے موازنہ کرنے سے انکار کیا اور کہا کہ دونوں لیگز نے شائقین کو خوب تفریح فراہم کی ہے، دونوں کا کوئی موازنہ نہیں ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے 10ویں ایڈیشن کا آغاز 11 اپریل کو رنگا رنگ افتتاحی تقریب سے ہوا اور لیگ 18 مئی تک جاری رہے گی جس میں کل 34 میچز ہوں گے۔
پی ایس ایل میں لاہور کا قذافی اسٹیڈیم 13 میچوں کی میزبانی کرے گا جس میں دو ایلیمنٹر اور فائنل شامل ہیں۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم 11 میچوں کی میزبانی کرے گا جس میں 13 مئی کو پہلا کوالیفائر بھی شامل ہے، جبکہ کراچی کا نیشنل بینک اسٹیڈیم اور ملتان کرکٹ اسٹیڈیم پانچ پانچ میچوں کی میزبانی کریں گے۔