قومی ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ نے اوپنر بیٹر صائم ایوب سے متعلق بڑی پیشگوئی کردی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان محمد حفیظ نے کہا کہ امید ہے صائم ایوب چیمپئنز ٹرافی سے باہر نہیں ہوں گے، صائم اگلے 10 سے 15 سال پاکستان کے لیے کھیلے گا۔
انہوں نے کہا کہ فخر زمان چیمپئنز ٹرافی کے لیے ٹیم میں واپس آئے تو اچھا ہے۔
محمد حفیظ نے کہا کہ فرسٹ کلاس میچز میں ڈریسنگ روم ہی موجود نہیں، کھلاڑیوں کے لیے پانی اور واش روم انتہائی ناقص ہیں۔
سابق کرکٹر نے کہا کہ چیمپئنز کپ کو کامیاب کروانا تھا کروادیا لیکن فرسٹ کلاس پر کسی کی توجہ نہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے نوجوان اوپنر صائم ایوب کا کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی کھیل پاؤں گا یا نہیں اس کا مجھے علم نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میرے چیمپئنز ٹرافی کھیلنے سے متعلق پی سی بی بہتر جانتا ہے، میری تمام رپورٹس پی سی بی اور میڈیکل پینل کے پاس ہے۔
صائم کا کہنا تھا کہ شائقین سے گزارش ہے کہ وہ میرے لیے دعا کریں۔
انہوں نے کہا تھا کہ پی سی بی کی سپورٹ اور علاج سے مطمئن ہوں، ابھی کچھ پتا نہیں کہ کب تک لندن میں ہی رہوں گا۔