آسٹریلیا کے خلاف وائٹ بال سیریز کے لیے قومی ٹیم کا اعلان آئندہ ہفتے تک متوقع ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کو سیریز کے لئے کپتان بنانے پر غور کیا جارہا ہے، تاہم محمد رضوان کی کپتانی سے متعلق حتمی فیصلہ چیئرمین اور سلیکٹرز کی مشاورت سے کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق آسٹریلیا کے خلاف وائٹ بال سیریز کے لیے فاسٹ بولر محمد حسنین جنہوں نے آخری بار 2023 میں ایک روزہ میچ کھیلا تھا، ٹیم میں شامل ہونے کے لیے مضبوط امیدوارکے طور پر سامنے آئے ہیں۔
حالیہ چیمپئنز کپ اور پریذیڈنٹ کپ میں بہترین پرفارمنس کے باعث فاسٹ بولر محمد حسنین کی واپسی یقینی ہوگئی ہے۔
ذرائع کے مطابق آل راؤنڈر عامر جمال اور نوجوان وکٹ کیپر بلے باز حسیب اللہ بھی سلیکشن کمیٹی کی نظروں میں ہیں اور انہیں بھی ٹیم میں جگہ مل سکتی ہے۔
یاد رہے کہ قومی اسپنرز کی جادوئی بولنگ کی بدولت پاکستان نے انگلینڈ کو ملتان میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں 152 رنز سے شکست دے دی۔
دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے انگلینڈ کو 152 رنز سے شکست دے کر تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز ایک، ایک سے برابر کر دی۔ یہ قومی ٹیم کی ہوم گراؤنڈ پر ٹیسٹ میچ میں ساڑھے تین سال بعد پہلی فتح ہے۔
پاکستانی اسپنرز کی جوڑی ساجد خان اور نعمان علی کی گھومتی ہوئی بالز کا انگلینڈ کے بلے باز مقابلہ نہ کر سکے اور پہلے سیشن میں 8 وکٹیں گنوا دیں۔
’پاکستان کو پی آر ایجنسیز نے نہیں، کامران، سلمان اور نعمان نے میچ جتوایا‘
میچ کے چوتھے روز انگلینڈ نے جیت کے لیے ملنے والے 297 رنز کے ہدف کے تعاقب میں دو وکٹوں پر 36 رنز کے ساتھ دوسری ادھوری اننگ کا آغاز کیا اور پوری ٹیم صرف 144 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ ساجد خان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔