قومی ٹیم کے ون ڈے فارمیٹ میں کپتان محمد رضوان کا نیوزی لینڈ کے ہاتھوں ون ڈے سیریز میں شکست کے بعد اہم بیان سامنے آیا ہے۔
کپتان محمد رضوان کا میچ کے بعد ہیملٹن میں گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کی کنڈیشنز اچھی نہیں ہیں، ہمارے بولرز سوئنگ نہیں کرسکے، کیوی بولرز نے اچھی بولنگ کی۔
رضوان کا کہنا تھا کہ یہاں کی کنڈیشنز چیلنجنگ ہیں مگر یہ کوئی معذرت نہیں، کچھ عرصے سے ہم میچ کے اہم مواقع ضائع کررہے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہماری کارکردگی مایوس کُن رہی، فہیم اشرف اور نسیم شاہ نے بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ نے پاکستان کو دوسرے ون ڈے میں شکست دیکر ٹی ٹوئنٹی کے بعد ون ڈے سیریز میں بھی کامیابی حاصل کرلی۔
پاکستانی بیٹنگ لائن دوسرے ون ڈے میں بری طرح ناکام رہی، نیوزی لینڈ نے293 رنز کا ہدف دیا تھا، قومی ٹیم 208 رنز بنا سکی۔ ون ڈے سیریز کا آخری میچ 5 اپریل کو کھیلا جائے گا۔
پاکستان نے ہیملٹن میں کھیلے گئے میچ میں ٹاس جیت کر پہلے نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی، نیوزی لینڈ نے پاکستان کو جیت کے لیے 293 رنز کا ہدف دیا جس کے بعد جواب میں قومی ٹیم صرف 208 رنز بنا سکی۔
پاکستانی بالرز نے اننگ کے آغاز میں بہترین کارکردگی دکھائی اور نیوزی لینڈ کو جارحانہ کھیل کھیلنے سے روکے رکھا۔
نیوزی لینڈ کے اوپنر رائس ماریو 18 رنز کی اننگ کھیل کر چلتے بنے، انہیں محمد وسیم نے آؤٹ کیا، ان کے ساتھ آئے نک کیلی کو حارث رؤف نے آؤٹ کیا، نک کیلی نے 31 رنز بنائے۔
ہنری نکولس 22، ڈیرل مچل 18، کپتان مائیکل بریسویل نے 17 اور محمد عباس نے 41 رنز کی اننگ کھیلی۔ ناتھن اسمتھ 8 اور بین سیئرز 6 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔
مچل ہی نے 78 بالز پر 99 رنز کی شاندار اننگ کھیلی اور ناٹ آؤٹ رہے۔ ان کی اننگ میں 7 چھکے اور 7 چوکے شامل تھے۔
پاکستان کی جانب سے محمد وسیم اور سفیان مقیم نے 2، 2 جبکہ فہیم اشرف، عاکف جاوید اور حارث رؤف نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
نیوزی لینڈ نے پاکستان کو دوسرا ون ڈے ہرا کر سیریز جیت لی
پاکستان کے 7 کھلاڑی ڈبل فیگرزمیں بھی داخل نہ ہوسکے، فہیم اشرف نے 73 اور نسیم شاہ نے 51 رنزاسکورکیے۔
عبداللّٰہ شفیق 1، امام الحق 3، بابر اعظم 1، کپتان محمد رضوان 5 اور سلمان آغا 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔