کراچی:سابق اسپیڈ اسٹار شعیب اختر کا ماننا ہے کہ فاسٹ بولر محمد سمیع لیجنڈری بولر وسیم اکرم جتنے اچھا ہوسکتا تھا۔
مقامی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شعیب اختر نے محمد سمیع کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ دائیں ہاتھ کے وسیم اکرم بن سکتے تھے، ان میں صلاحیت تھی کہ پرانی گیند کے ساتھ 99 فیصد بیٹسمینوں کے پاؤں کو نشانہ بناتے تھے۔
شعیب اختر نے کہا کہ بلے بازوں کے پیڈز کو نشانہ بنانے کا ایک خاص معیار محمدسمیع کو حاصل تھا، وسیم اکرم اور وقار یونس کے بعد یہ صلاحیت محمد عامر اور محمد آصف میں نہیں تھی بلکہ محمد سمیع اس کوالٹی کے حامل تھے۔
راولپنڈی ایکسپریس نے دعویٰ کیا کہ محمد سمیع لیجنڈری بولر وسیم اکرم کے دائیں ہاتھ کے ورژن کے برابر تھا۔
واضح رہے کہ محمد سمیع نوجوان بولر کی حیثیت سے ٹیم میں شامل ہوئے تھے ، رفتار اور گیند سوئنگ کرنے کی صلاحیت رکھنے والے سمیع نے کیریئر کے دوران 85 ٹیسٹ وکٹیں حاصل کیں۔
ان کا شمار ٹیسٹ اور ون ڈے میچوں میں ہیٹ ٹرک کرنے والے بولرز میں ہوتا تھا، انہوں نے 121 ایک روزہ میچوں میں وکٹیں حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ 21 ٹی ٹوئنٹی وکٹیں بھی حاصل کی تھیں۔