اسلام آباد : سابق ن لیگی رہنما محمد زبیر کا کہنا ہے کہ محسن نقوی حکومت اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان پل ہیں اور اسٹیبلشمنٹ کے پاس تمام تالوں کی چابیاں ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سابق ن لیگی رہنما محمد زبیر نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کے پاس تمام تالوں کی چابیاں ہیں اور محسن نقوی حکومت اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان پل ہیں۔
مذاکرات سے متعلق سوال پر سابق ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ مذاکرات سے کچھ بھی نہیں نکلے گا، پی ٹی آئی کے امیج کو نقصان ہوگا کیونکہ پہلے کہتے تھے حکومت سے مذاکرات نہیں کریں گے اب ساتھ بیٹھ گئے۔
انھوں نے بتایا کہ ایک گروپ مریم نواز،خواجہ آصف ہے جو پی ٹی آئی کو دہشت گرد کہتی ہے اور ایک گروپ عرفان صدیقی جیسے لوگوں پرمشتمل ہے جو بات چاہتے ہیں، عرفان صدیقی گروپ کی مجبوریاں بھی ہیں، کھل کر بات کرنی چاہیے۔
محمد زبیر کا مزید کہنا تھا کہ مریم نواز،خواجہ آصف جیسے لوگ مذاکرات کے مخالف ہیں، خواجہ آصف گروپ اوراسٹیبلشمنٹ کی سوچ مطابقت رکھتی ہے اور عرفان صدیقی جیسے لوگوں کو چاہیے کہ خواجہ آصف گروپ کوخاموش کرائے۔
پی ٹی آئی کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے یہ تاثرختم کردیاکہ وہ بات نہیں کرناچاہتے،انہوں نےبات کی ، کسی سےبھی پوچھ لیں مذاکرات سےکچھ نتائج نکلنے کی کوئی امیدنہیں۔
سابق رہنما کا کہنا تھا کہ حکومت کچھ مقاصد میں کامیاب ہے ایک سال ہوگیا الیکشن ٹریبونل نہیں بیٹھے، ایک سال ہوگیاابھی تک الیکشن ٹریبونل میں ایک بھی کیس نہیں لگا، حکومت کامیاب ہوگئی ہےکہ اب کوئی اسلام آبادمیں احتجاج نہیں کرسکتا اور اس میں بھی کامیاب ہوگئی کہ پی ٹی آئی کوخاموش کرادیاہے اور پی ٹی آئی کہتی تھی بات نہیں کریں گے ، وہ گفتگو کیلئے تیار ہوگئی۔