کراچی: گورنر سندھ محمد زبیر کا کہنا ہے کہ نہال ہاشمی کے معاملے پر عدالت کے فیصلے کے ساتھ کھڑے ہیں۔ خواہش ہے کہ عدلیہ دیگر مقدمات میں بھی تیزی سے فیصلے کرے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف کی کراچی آمد پر ان کے استقبال کے لیے موجود گورنر سندھ محمد زبیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نہال ہاشمی کو توہین عدالت کیس کا سامنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نہال ہاشمی کے بیان کے چند گھنٹے بعد نواز شریف نے مذمت کی تھی۔ ’عدالت کے فیصلے کے ساتھ کھڑے ہیں۔ خواہش ہے عدلیہ دیگر مقدمات میں بھی تیزی سے فیصلے کرے‘۔
گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ عمران خان کے 35 پنکچر کے کیس پر بھی فیصلہ آنا چاہیئے۔
سابق وزیر اعظم نواز شریف کے پروٹوکول کے معاملے پر ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے کوئی سرکاری پروٹوکول استعمال نہیں کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف سابق وزیر اعظم ہیں۔ آصف زرداری اور بلاول بھٹو بھی سرکاری پروٹوکول استعمال کرتے ہیں۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔