لاہور: سابق ٹیسٹ کرکٹر اور پی سی بی کی کرکٹ کمیٹی کے چیئرمین محسن خان نے کہا ہے کہ سرفراز احمد کو واپس بلانے کا فیصلہ بہت اچھا تھا.
ان خیالات کا اظہار انھوں نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا. ان کا کہنا تھا کہ شاید پی سی بی نے ڈپریشن سے بچانے کے لئے سرفراز احمد کو واپس بلایا.
ان کا کہنا تھا کہ سرفراز احمد بہت اچھا کھلاڑی ہے، واپس جائے گا، تو فریش اسٹارٹ ملے گا، پاکستان کی کرکٹ کے لئے جو بہتر ہوگا، ہم وہی تجاویز دیں گے.
کرکٹ کمیٹی کے چیئرمین نے کہا ہے کہ سلیکشن پر ہمارے تحفظات ہیں،ٹیم سلیکشن میں خامیوں کا جائزہ لے رہے ہیں.
انھوں نے کرکٹ ٹیم سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں کی فیلڈنگ میں بہتری آئی ہے، بابراعظم نے بہت اچھی کارکردگی دکھائی، نوجوان کھلاڑی بہت محنت کر رہے ہیں.
مزید پڑھیں: بہترین کھیل پیش کیا لیکن افسوس کہ ہم میچ نہ جیت سکے: شعیب ملک
یاد رہے کہ اس وقت پاکستانی ٹیم جنوبی افریقا کے دورے پر ہے، جہاں اسے شدید مشکلات کا سامنا ہے. پاکستان ٹیسٹ اور ون ڈے کے بعد ٹی 20 سیریز بھی ہار چکا ہے.
خیال رہے کہ اسی سیریز کے دوران سرفراز احمد کی جانب سے متنازع کومنٹ کا مسئلہ سامنا آیا، جس کی وجہ سے انھیں پابندی کا سامنا کرنا پڑا.