وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور پاکستان کے کسی ادارے کی حراست میں نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈی چوک پر پی ٹی آئی احتجاج کے دوران مظاہرین کے تشدد سے شہید ہونے والے پولیس اہلکار کی نماز جنازہ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رات کو افسوسناک اطلاع آئی کہ عبدالحمید شہید ہوگئے ہیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ اسلام آباد پولیس اور اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار کرتا ہوں، شہید کانسٹیبل کے واقعے میں جو بھی ملوث ہے ان میں سے کوئی نہیں بچے گا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ شہید کے دو بیٹے ہیں، ایک سی ڈی اے میں ملازم ہے، شہید عبدالحمید کیلئے شہید پیکج ایک دو روز میں دیا جائیگا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈاپور نہ ہماری اور نہ کسی اور ادارے کی حراست میں ہیں، علی امین گنڈاپور کل رات بھاگ گئے تھے، علی امین گنڈاپور کے پی ہاؤس میں بھی موجود نہیں ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ علی امین گنڈا پور اسلام آباد کی حدود میں ہونگے تو پولیس گرفتار کرے گی، علی امین گنڈا پور خود بھاگے ہیں، ہم نے 2،3 چھاپے مارے تھے، شک تھا کہ وہ موجود ہوں گے لیکن وہ وہاں نہیں تھے، علم نہیں کہ علی امین کے پی پہنچ گئے یا نہیں، کے پی ہاؤس سے علی امین کے بھاگنے کی فوٹیج موجود ہے۔