پیر, اپریل 28, 2025
اشتہار

مارے گئے خوارجی پاکستان میں گھس کر دہشتگردی کرنا چاہتے تھے، وزیر داخلہ

اشتہار

حیرت انگیز

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ مارے گئے خارجی پاکستان میں گھس کر دہشتگردی کرنا چاہتے تھے جس کو ناکام بنا دیا گیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی جانب سے پاک افغان بارڈر سے خارجیوں کی پاکستان میں دراندازی کی کوشش ناکام بنانے اور 54 خارجیوں کو جہنم واصل کرنے پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ یہ دہشتگرد پاکستان میں گھس کر دہشتگردی کرنا چاہتے تھے۔ ان خارجیوں نے 26 اور 27 اپریل کی شب شمالی وزیرستان میں داخل ہونے کی کوشش کی تھی۔

وزیر داخلہ نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کو 3 اطراف سے گھیر کر نشانہ بنایا اور انہیں آگے نہیں آنے دیا۔ یہ جتنی بار کوشش کریں گے، ناکام ہی ہوں گے۔ دنیا کے لیے بڑا ثبوت ہے کہ کیسے ان کی پشت پناہی کی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں کسی بھی آپریشن میں ہلاک دہشتگردوں کی یہ سب سے بڑی تعداد ہے۔ پاکستان کے خلاف جو بھی سازش کرے گا، اس کیلیے معافی نہیں ہے۔اگر انہوں نے دوبارہ پاکستان میں داخل ہونےکی کوشش کی، تو پھر ایسا ہی جواب ملے گا۔

محسن نقوی نے کہا کہ یہ کارروائی ان سب کیلیے بھی پیغام ہے، جو پاکستان کیخلاف ہتھیار اٹھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ پاک فوج ایک، ایک سیکنڈر سرحدوں کو مانیٹر کر رہی ہے۔ ہمارے پاس جو جو چیزیں آ رہی ہیں، انہیں ہم دنیا کے ساتھ شیئر کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت سمجھ رہا تھا کہ ڈراما ہو گیا اور اس کا سودا بک گیا۔ وزیراعظم پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ پہلگام واقعہ کی شفاف انکوائری کے لیے تیار ہیں۔

واضح رہے کہ پاک افغان بارڈر سے خارجیوں نے پاکستان میں دراندازی کی کوشش کی تھی تاہم سیکیورٹی فورسز نے اس کو ناکام بناتے ہوئے 54 خارجیوں کو جہنم واصل کر دیا۔

پاک افغان بارڈر سے دراندازی کی کوشش ناکام، کارروائی میں 54 خارجی ہلاک

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں