چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کی وجہ سے صائم ایوب کا مستقبل داؤ پر نہیں لگا سکتے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے ہیوسٹن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صائم ایوب سے روزانہ کی بنیاد پر رابطے میں ہوں، اس کا ریہیب چل رہا ہے۔
محسن نقوی نے بتایا کہ صائم کے پاؤں کا پلستر ایک دو روز میں اتر جائے گا جس کے بعد انہیں گراؤنڈ میں واپس آنے میں ٹائم لگے گا، ایک چیمپئنز ٹرافی سے صائم کا مستقبل خطرے میں نہیں ڈالنا چاہتا۔
انہوں نے کہا کہ خود ایک ایک چیز کی نگرانی کررہا ہوں، صائم ایوب ہمارا اثاثہ ہے انشااللہ بہت جلد ٹھیک ہوگا، تمام معاملات کی نگرانی کر رہا ہوں۔
واضح رہے کہ پاکستان کے اوپنر صائم ایوب دائیں ٹخنے میں فریکچر کے سبب 6 ہفتے تک کرکٹ سے باہر ہو گئے ہیں، صائم ایوب کو یہ فریکچر جنوبی افریقا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن فیلڈنگ کرتے ہوئے ہوا تھا۔
یاد رہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے لیے 11 فروری تک حتمی اسکواڈ کا لازمی اعلان کرنا ہے، آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 19 فروری سے پاکستان میں شروع ہو رہی ہے جبکہ بھارت اپنے تمام میچز یو اے ای میں کھیلے گا۔