اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر سے رابطہ کرکے حکومتی فیصلے سے آگاہ کردیا اور کہا کسی جلوس، دھرنے یا ریلی کی اجازت نہیں دے سکتے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کی روشنی میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر سے رابطہ کیا، رابطے میں موجودہ صورتحال پرتفصیلی گفتگو ہوئی۔
وفاقی وزیر داخلہ نے بیرسٹر گوہر کو عدالتی آرڈر کے بعد کی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم کے پابند ہیں، کسی جلوس، دھرنے یا ریلی کی اجازت نہیں دے سکتے۔
وزیرداخلہ نے صدر بیلاروس کی قیادت میں وفدکی مصروفیات وتفصیلات سےبھی آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ بیلا روس کا اعلیٰ سطح کا وفد 24 نومبر کو پہنچ رہا ہے،بیلاروس کے صدر 25 نومبر کو پاکستان پہنچیں گے اور وفد 27 نومبر تک اسلام آباد رہے گا۔
جس پر چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے جواب دیا کہ پارٹی مشاورت کےبعدحتمی رائے سےآگاہ کروں گا۔
یاد رہے اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کو احتجاج کی اجازت نہ دینے کا حکم دیتے ہوئے وزیرداخلہ کو پارٹی سے مذاکرات کاحکم دیا تھا۔
تحریری حکم نامے میں کہا گیا تھا کہ پی ٹی آئی اسلام آباد میں احتجاج کیلئے ڈی سی کو 7 روز پہلے درخواست دے، اجازت ملنے پر احتجاج کیا جا سکتا ہے، وزیر داخلہ یہ پیغام پی ٹی آئی قیادت تک پہنچائیں، امید ہے پی ٹی آئی وزیر داخلہ کی جانب سے سامنے لائے پہلوؤں پر غور کرے گی اور کمیٹی کے ساتھ با مقصد بات چیت کرے گی۔