لاہور : قومی ٹیم کے سابق کپتان معین خان نے کہا ہے کہ پاکستان ٹیم آسٹریلیا میں ٹیسٹ سیریز جیت کر نئی تاریخ رقم کرسکتی ہے، سرفراز احمد پرفارم کرتے ہی دوبارہ ٹیم میں جگہ بنا سکتے ہیں۔
یہ بات انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ معین خان نے کہا کہ آسٹریلیا میں پاکستان ٹیم نے کبھی سیریز نہیں جیتی، اب تاریخ بدلنے کا وقت آگیا ہے جو پاکستان ٹیم کرسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اچھے بولرز کیخلاف سنبھلنا ہے اور ان کی جلد وکٹیں اڑانا پڑیں گی، کرکٹرز آپ کے خلاف بولیں گے تو کیسے کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھے گا۔
سابق کپتان کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ کرکٹ کی کوالٹی کچھ عرصے سے خراب ہے، ٹی20 کی وجہ سے ٹیسٹ کرکٹ کی کوالٹی نیچے آگئی ہے، فواد عالم اور کامران اکمل جیسے کھلاڑی محنت کررہے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ سرفراز احمد کو تینوں کپتانی سے ہٹانا غلط طریقہ ہے اگر احسان مانی نے انہیں قیادت سے ہٹایا تو مصباح الحق کو قدم اٹھانا چاہیے تھا، سرفراز احمد پرفارم کرتے ہی دوبارہ ٹیم میں جگہ بنا سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ آج سے شروع ہوگا، قومی ٹیم نے برسبین میں گزشتہ روز بھی ٹریننگ سیشن جاری رکھا۔ کینگروز کو شکست دینے کیلئے قومی کھلاڑی پر عزم ہیں، پریکٹس کے دوران کھیل کے تینوں شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کی بہتری میں مصروف دکھائی دیئے۔