حیدرآباد : پیپلز پارٹی کے رہنما مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ ملک میں معاشی بحران بڑھتا جارہا ہے، حکومت اپنی صفوں سے متنازع وزیروں کو نکالے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے حیدرآباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی کابینہ میں صرف دو تین وزرا تبدیل ہوئے، حکومت نے ہمارے وزیرخزانہ کو اپنی کابینہ میں شامل کرلیا۔
اب حکومت کو ہماری معاشی پالیسیوں پر تنقید کرنے کا کوئی حق نہیں، حکومت نے پہلے دن سے ہی قوم سے جھوٹ بولا، ملک میں معاشی بحران بڑھتا جارہا ہے، جھوٹے دعوے کرنے پروزیر اعظم کو مستعفیٰ ہوجانا چاہیے۔
مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ وزیراعظم نے کہا ہے جو کام نہیں کرے گا وہ گھر بھیجا جائے گا، اس کا مطلب ہے کہ آپ کے وزرا کام نہیں کرتے تھے، وزیر اعظم واپس جانے کا راستہ ڈھونڈ رہے ہیں، پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی حکومت کاڈرامہ ہے، عوام کو کیا دیں گے آپ تو خود بھیک مانگتے پھر رہے ہیں۔
ایک سوال کے جوااب میں ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو فیصلے کرنے نہیں آتے، معاشی پالیسی ناکام ہوچکی ہے، آپ کی کشتی میں سوراخ ہے، وفاق میں بغاوت کے آثار ہیں، جمہوریت کی مضبوطی چاہتے ہیں،ہم آپ کو نکالنا نہیں چاہتے، حکومت اپنی صفوں سے متنازع وزیروں کو نکالے اور کالعدم تنظیموں کیخلاف سخت کارروائی کریں، پارلیمنٹ سے نہ بھاگے۔