کراچی : مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ چوہدری نثار آپ جتنی بھی تنقید کریں پاناما لیکس آپ کو نہیں چھوڑے گا، تفصیلات کے مطابق پاناما لیکس اور کرپشن کے معاملات پر سیاسی بازار گرم ہے۔
سیاستدانوں کی جانب سے ایک دوسرے پر حملے جاری ہیں ۔چوہدری نثار نے سرے محل کا معاملہ اٹھایا تو مولا بخش چانڈیو نے جدہ جانے کا معاملہ اٹھادیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ چوہدری نثار کو سرے محل اتنا عرصہ کیوں نہیں یاد آیا؟ ہم نے دن کی روشنی میں این آر او کیا، ہم رات کے اندھیرے میں معاہدہ کرکے جدہ نہیں گئے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں ایک افطار ڈنر کی تقریب میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، ان کا کہنا تھا کہ وزیر داخلہ چودھری نثار ہم سے ٹکرانے کا خیال دل سے نکال دیں ۔
انہوں نے متنبہ کیا کہ اگر ہم سے الجھو گئے تو چین سے نہیں بیٹھو گے۔ نواز شریف ہم سے بگاڑ کر ہوا کا ایک جھونکا بھی برداشت نہیں کر سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پہلے چودھری نثار اپنے لیڈر کو وطن واپس تو لائیں اس کے بعد کوئی اور بات کریں ۔ ان کا کہنا تھا کہ معلوم نہیں چودھری نثار کس کے کہنے پر اپنی ہی حکومت کیخلاف صف بندی کر رہے ہیں۔
پیپلز پارٹی کے رہنما قمرزمان کائرہ کا کہنا تھا کہ چوہدری نثار شریف خاندان کی منی لانڈرنگ کو جوابی الزامات کے ذریعے چھپا نہیں سکتے، وہ جھوٹے الزمات کےبجائےعدالت آئیں، انہیں ماضی طرح مایوسی اورشرمندگی کےسوا کچھ حاصل نہیں ہوگا۔
قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کی قیادت کیخلاف بیان بازی کرنے سے چوہدری نثار کا وزیراعظم بننے کاخواب پورا نہیں ہوگا۔
مولا بخش چانڈیو بولے کہ چوہدری نثار پہلے ہمیں کہتے تھے کہ عمران خان کا ساتھ چھوڑدو اب عمران خا ن کو کہہ رہے ہیں کہ پیپلزپارٹی کا ساتھ چھوڑ دو۔