اسلام آباد : جے یو آئی رہنما مولانا عبد الغفورحیدری نے انوکھا مطالبہ کیا اور کہا مجھے بھی ہیلی کاپٹر دیا جائے،صرف عمران خان ہی کیوں؟سفر سستا ہے تو سب کو ہیلی کاپٹرکے ذریعے ایوان میں لایا جائے۔
تفصیلات کے مطابق رہنما جےیوآئی عبدالغفورحیدری کا کہنا ہے کہ عمران خان پراب تک کوئی حملہ نہیں ہوا تو وہ سیکیورٹی اورپروٹوکول کیوں لے رہے ہیں۔
وزیر اعظم عمران خان کے ہیلی کا پٹر کے استعمال کے معاملے پر عبدالغفورحیدری نے انوکھا مطالبہ کرتے ہوئے کہا مجھے بھی ہیلی کاپٹر دیا جائے، صرف عمران خان ہی کیوں؟ سفر سستا ہے تو سب کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے ایوان لایا جائے ۔
رہنما جے یوآئی کا مزید کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کے لیے بڑی آزمائش ہے، دیکھتے ہیں پی پی اپوزیشن کو متحد رکھتی ہے یا تقسیم کرتی ہے، پیپلزپارٹی بڑی جماعت ہے، جمہوریت کیلئے قربانیاں دیں۔
انھوں نے کہا کہ فضل الرحمان کے متبادل امیر مقام کے کاغذات نامزدگی بھی منظور ہوگئے ہیں ، اپوزیشن کی یکسوئی بہت ضروری ہے، پیپلز پارٹی مہربانی کرے اپوزیشن کوتقسیم نہ کرے، متحداپوزیشن صدرکاانتخاب جیت سکتی ہے۔
یاد رہے کہ عمران خان کے وزیراعظم ہاؤس سے بنی گالا ہیلی کاپٹر پر جانے کا معاملے پر وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ہیلی کاپٹر کا خرچ 50 سے 55 روپے فی کلومیٹر ہے۔
ایوی ایشن ماہر کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے زیر استعمال ہیلی کاپٹر حکومتِ پاکستان کی ملکیت ہیں، وزیر اعظم کے زیر استعمال ہیلی کاپٹر کا فی ناٹیکل میل خرچ 13 ڈالر یعنی1600 روپے بنتا ہے، پاکستانی روپوں میں مجموعی خرچہ دس ہزار سے 12 ہزار روپے تک بنتا ہے۔
وگل نقشے کے مطابق بنی گالا سے پاک سیکرٹیریٹ کا فاصلہ 15 کلومیٹر بنتا ہے، ہوا بازی کی زبان میں یہ فاصلہ 8 ناٹیکل مائل بنتا ہے، آگسٹا ویسٹ لینڈ کمپنی کا ہیلی کاپٹر اے ڈبلیو139وزیراعظم کے زیر استعمال ہے۔