اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہنا ہے کہ 5 فروری ظلم کیخلاف جدوجہد، حق کی حمایت اور آزادی کی تحریک کا دن ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ کشمیر کے شہیدوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، بھارت کے مظالم تاریخ کا سیاہ ترین باب ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عالمی طاقتیں بھارتی ظلم پر کب بولیں گی؟ جے یو آئی آج بھر پور طریقے سے یوم یکجہتی کشمیر منائے گی، اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد میں بھارت کا منفی رویہ رکاوٹ ہے۔
جمعیت علمائے اسلام کے رہنما نے کہا کہ یو این کشمیر میں استصواب رائے کے حوالے سے ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام رہا ہے، اقوام متحدہ کی جانب سے قراردادوں پر عملدرآمد کیلئے ٹھوس اقدامات نہیں کیے گئے۔
اُنہوں نے کہا کہ بھارت کے کشمیر پر غاصبانہ تسلط کا عالمی برادری نوٹس لے، انصاف کے نام پر بنی اقوام متحدہ کشمیر کے لیے کب حرکت میں آئے گی؟۔
اس سے قبل وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے مفاد میں عالمی برادری کو بھارت پر زور دینا چاہیے کہ وہ کشمیری عوام کو آزادانہ طور پر اپنے مستقبل کا تعین کرنے کی اجازت دے کیونکہ مقامی لوگوں کی حقیقی امنگوں کو دبا کر دیرپا امن حاصل نہیں کیا جا سکتا۔
وزیر اعظم نے 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ایک پیغام میں کہا کہ مشرق وسطیٰ کی حالیہ پیش رفت نے واضح طور پر ظاہر کیا کہ دیرینہ تنازعات کو مزید بھڑکنے نہیں دینا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام ہر سال ”یوم یکجہتی کشمیر“ مناتے ہیں تاکہ کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے حصول کے لیے ان کی منصفانہ اور جائز جدوجہد کے لیے ان کی مستقل حمایت کی تجدید کی جاسکے۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ”حق خود ارادیت بین الاقوامی قانون کا ایک بنیادی اصول ہے۔ ہر سال، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی ایک قرارداد منظور کرتی ہے جس میں لوگوں کو اپنی تقدیر کا فیصلہ کرنے کے قانونی حق پر زور دیا جاتا ہے،”۔
صدر آصف علی زرداری
یوم یکجہتی کشمیر پر اپنے پیغام میں صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ یہ دن عالمی برادری کو مظلوم کشمیری عوام کے تئیں اس کی ذمہ داری کی یاد دلاتا ہے۔
یوم کشمیر پر بڑے شہروں میں ریجنل پاسپورٹ دفاتر کھلے رہیں گے
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کشمیریوں سے 78 سال قبل کیے گئے وعدوں کو پورا کرے اور ان کے حق خودارادیت کی جدوجہد کی حمایت کرے۔