لندن: انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر اسٹیورٹ براڈ نے گلوکارہ و ماڈل مولی کنگ سے سال نو پر اچانک منگنی کرکے مداحوں کو خوشخبری سنادی۔
تفصیلات کے مطابق انگلش فاسٹ بولر اسٹیورٹ براڈ اور مولی کنگ نے منگنی کا اعلان سوشل میڈیا پر ایک رومانوی تصویر شیئر کرتے ہوئے کیا، فاسٹ بولر نے لکھا کہ’ 2021 کا آغاز اس سے بہتر انداز سے نہیں ہوسکتا تھا۔‘
براڈ کی منگیتر مولی کنگ نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں ڈائمنڈ کی رنگ دکھاتے ہوئے وہی تصویر شیئر کی اور براڈ کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں اپنی تمام عمر آپ کے ساتھ گزارنے کی منتظر ہوں۔‘
انہوں نے نئے سال کے آغاز کو ’جادوئی‘ قرار دیا اور کہا کہ میں ابھی تک غیر یقینی کی صورت حال سے دوچار ہوں۔
واضح رہے کہ مولی اور اسٹیورٹ پہلی بار مارچ 2018 میں ایک ساتھ دکھائی دئیے تھے اور تب ہی سے ان کی تعلقات کی خبریں منظرعام پر آنا شروع ہوگئی تھیں۔
یاد رہے کہ براڈ اور مولی نے اگست 2018 میں راہیں جدا کرلی تھیں تاہم فروری 2019 میں دونوں پھر ایک ساتھ دکھائی دئیے تھے۔