بھارت میں اپنے بیٹے کو موت کے منہ سے بچانے کے لیے نہتی ماں شیر سے مقابلے پر اتر آئی، خاتون نے زخمی ہونے کے باوجود بچے کو بچا لیا۔
بھارت کے شہر نئی دہلی میں ایک دلیر خاتون اپنے شیر خوار بچے کو شیر کے جبڑے کے بچانے کے لیے نہتی لڑ پڑی اس کوشش میں وہ خود بھی زخمی ہوگئی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ارچنا چوہدری نامی خاتون اپنے 15 ماہ کے بیٹے کے ساتھ بھارتی ریاست مدھیا پردیش کے ایک گاؤں میں گھر کے قریب کھیت میں جارہی تھی۔
ذرائع کے مطابق شیر قریبی جنگل سے بھٹک کر یہاں پہنچا تھا جس نے اپنی بھوک مٹانے کیلئے بچے پر اچانک حملہ کردیا، شیر نے اپنے جبڑے سے بچے کے سر پر حملہ کیا تھا۔
ماں یہ دیکھ کر ہکا بکا رہ گئی لیکن اس نے اپنے آپ کو فوراً سنبھالتے ہوئے بیٹے کو شیر سے بچانے کی کوشش کی تو شیر نے اُس پر بھی حملہ کردیا۔
خاتون کی چیخ و پکار پر گاؤں کے مقامی لوگ بھی پہنچ گئے اور ماں بچے کو بچانے کی کوشش کی، تاہم ہجوم کو دیکھ کر شیر جنگل کی جانب فرار ہوگیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ،مذکورہ خاتون اور بچے کو مقامی سپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں ماں اور بچے کی حالت اب خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔
بھارتی خبر رساں ادارے ’ٹائمز آف انڈیا‘ کے مطابق علاقے کا سرچ آپریشن کیا جارہا ہے جبکہ مقامی شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ رات کے وقت گھروں سے باہر نہ نکلیں۔