لاہور: ملک کے مختلف ایئرپورٹ سے غیر قانونی طور پر بیرون ملک رقوم منتقل کرنے کا سلسلہ تیز ہورہا ہے تاہم اے ایس ایف حکام کی مستعدی ان ہتھکنڈوں کو ناکام بنانے میں مصروف عمل ہے۔
ایسی ہی ایک اور کوشش کو لاہور ایئرپورٹ پر اے ایس ایف حکام نے ناکام بناتے ہوئے تین مسافروں کو گرفتار کرلیا ہے، حکام کے مطابق دبئی جانیوالے مسافروں سے 84ہزار ڈالر،4لاکھ65ہزارروپے برآمد کئے گئے ہیں، کرنسی کی مالیت مقامی کرنسی میں 1٫47٫00٫000 روپے سے زائد بنتی ہے۔
اے ایس ایف حکام کے مطابق مسافرعمران ارشاد ودیگر نے رقم وہیل چیئر کی سیٹ،ہینڈبیگ میں چھپا رکھی تھی، ملزمان کو مزید کارروائی کیلئےکسٹمز حکام کےحوالےکردیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد ایئرپورٹ: منی لانڈرنگ میں ملوث ایوی ایشن اہلکار گرفتار
واضح رہے کہ گذشتہ 20 روز کے دوران منی لانڈرنگ کی یہ تیسری کوشش تھی اس سے قبل 31 جنوری کو ائیرپورٹ سیکیورٹی فورسز نے کراچی ائیر پورٹ پر دبئی جانیوالے مسافر حیات اللہ سے ستاون ہزار دو سو بیس آسٹریلین، 350 امریکی ڈالراور 52 ہزار پاکستانی برآمد کئے تھے، مذکورہ کرنسی کی مالیت پاکستانی 71 لاکھ 90 ہزار روپے سے زائد تھی۔
انتیس جنوری کو بھی ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس نے کراچی سے دبئی جانے والے 2 مسافروں سے کروڑوں روپے کی غیرملکی کرنسی برآمد کی تھی، غیر ملکی کرنسی میں یورو اور ڈالر شامل تھے۔
یاد رہے کہ 27 جنوری کو اسلام آبادانٹرنیشنل ایئرپورٹ پراے ایس ایف نے کارروائی کرتے ہوئے منی لانڈرنگ میں ملوث سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ملازم کو گرفتار کیا تھا۔
ترجمان کے مطابق سی اے اے کے فائر اسسٹنٹ سے 1کروڑ 72 لاکھ مالیت کی غیرملکی کرنسی برآمد کی گئی تھی، برآمد کرنسی میں70ہزار یورو، 56ہزار 500سعودی ریال شامل ہیں جب کہ 8 ہزار یواےای درہم بھی ملزم کے قبضے سے برآمد ہوئے تھے۔