کراچی : ائیرپورٹ سیکیورٹی فورس نے کراچی ائیر پورٹ پر منی لانڈرنگ کی کوشش ناکام بنادی اور دبئی جانیوالے مسافر سے ملکی اورغیرملکی کرنسی برآمد کرلی۔
تفصیلات کے مطابق ائیر پورٹ سکیورٹی فورس (اے ایس ایف) کراچی ائیر پورٹ پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے دبئی جانیوالے مسافرسے ملکی اورغیرملکی کرنسی برآمد کرلی۔
ترجمان اے ایس ایف کا کہنا تھا کہ اے ایس ایف کے عملے نے سامان کی تلاشی کےدوران کرنسی برآمد کر کے منی لانڈرنگ کی کوششں ناکام بنائی۔
ترجمان کے مطابق رقم مسافرحیات اللہ کے بیگ سے برآمد ہوئی ، مذکورہ کرنسی کی مالیت پاکستانی 71 لاکھ 90 ہزار روپے سے زائد بنتی ہے۔
اے ایس ایف کا کہنا تھا کہ برآمد کی جانے والی کرنسی میں ستاون ہزار دو سو بیس آسٹریلین، 350 امریکی ڈالراور 52 ہزار پاکستانی روپے شامل ہیں، ملزم کو ابتدائی تفتیش کے بعد کسٹم حکام کے حوالے کردیا گیا ہے۔
یاد رہے دو روز قبل ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس نے کراچی سے دبئی جانے والے 2 مسافروں سے کروڑوں روپے کی غیرملکی کرنسی برآمد کرلی تھی، غیر ملکی کرنسی میں یورو اور ڈالر شامل تھے۔