کراچی: منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدرآصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کی ضمانت میں 7 جنوری تک توسیع کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق منی لانڈرنگ کیس میں پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور آج بینکنگ کورٹ میں پیش ہوئے۔
بینکنگ کورٹ میں میگا منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی، جیالوں کی جانب سے کمرہ عدالت میں بھی نعرے لگائے گئے۔
بینکنگ کورٹ نے سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کی ضمانت میں 7 جنوری تک توسیع کردی۔
سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کی پیشی کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے گزشتہ روز پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی نا اہلی کے لیے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کی تھی۔
پی ٹی آئی رہنما اور رکن سندھ اسمبلی خرم شیرزمان نے پارٹی کی ہدایت پر آصف علی زرداری کی نا اہلی کے لیے درخواست کراچی میں واقع الیکشن کمیشن سندھ کے دفتر میں جمع کرائی تھی۔
آصف زرداری کو نا اہل کیا جائے، پی ٹی آئی کی الیکشن کمیشن کو درخواست
خرم شیرزمان کی جانب سے درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ آصف علی زرداری نیویارک میں قائم اپارٹمنٹ کے مالک ہیں، انہوں نے الیکشن کمیشن میں جمع کراوائے جانے والے اثاثوں میں اس اپارٹمنٹ کا ذکر نہیں کیا۔