منی لانڈرنگ کیس میں مسلم لیگ ق کے رہنما مونس الٰہی سے ایف آئی اے ٹیم کی تفتیش کا احوال سامنے آگیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق مسلم لیگ ق کے رہنما مونس الہٰی سے 4 رکنی تفتیشی ٹیم نے 5 گھنٹے پوچھ گچھ کی جس میں مختلف سوالات پوچھے گئے جس کے جوابات انہوں نے دیے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مونس الٰہی سے پوچھا گیا کہ آروائی کے شوگر مل آپ نے بنائی ہے، جس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں نے نہیں بنائی، ریکارڈ چیک کریں یہ مل عمر شہریار نے بنائی اور وہی اس کےچیف ایگزیکٹیو ہیں۔
مونس الٰہی نے کہا کہ اس مل میں میری کمپنی کےشیئرز ہیں۔
تفتیشی افسر نے سوال کیا کہ نواز، مظہرآپ کے بےنامی دار ہیں جن کے ذریعے منی لانڈرنگ ہوئی، مونس الٰہی نے کہا کہ میں ان دونوں کو نہیں جانتا۔
ان سے سوال کیا گیا کہ دونوں ملزمان کا مل کے چیف ایگزیکٹو سے کیا تعلق ہے، جواب میں مونس الہیٰ نے کہا کہ یہ آپ چیف ایگزیکیٹیو سے پوچھیں۔
مونس الٰہی نے مزید کہا کہ لکھ کر سوال پوچھ لیں میں سارے جوابات دے دوں گا، مل کے چیف ایگزیکٹیو عمر شہریار سابق وفاقی وزیر خسرو بختیارکے بھائی ہیں۔