لاہور: منی لانڈرنگ ریفرنس میں میاں شہباز شریف کی فیملی سمیت دیگر ملزمان کے خلاف عدالت نے حکم نامہ جاری کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کے ایڈمن جج جواد الحسن نے منی لانڈرنگ ریفرنس میں شہباز شریف فیملی اور دیگر ملزمان کے خلاف گزشتہ سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا جو 4 صفحات پر مشتمل ہے۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ سلمان شہباز کے ناقابل ضمانت وارنٹ بذریعہ وزارتِ خارجہ جاری کیے جاتے ہیں، نیب وزارت خارجہ سے سلمان شہباز کی بیرون ملک میں رہنے کی وجہ معلوم کرے۔
عدالت نصرت شہباز اور رابعہ عمران کو دوبارہ پیش ہونے کا حکم دیتی ہے، نصرت شہباز، رابعہ عمران کے گھروں کے باہر سمن آویزاں کیے جائیں، اور آئندہ سماعت پر حمزہ شہباز پیش ہو کر ریفرنس کی کاپیاں وصول کریں۔
شہبازشریف فیملی کیخلاف منی لانڈرنگ ریفرنس، نیب کی خصوصی پراسیکیوشن ٹیم تشکیل
حکم نامے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ عدالت علی احمد خان، محمد طاہر اور ہارون نقوی کے وارنٹ گرفتاری جاری کر رہی ہے۔
نیب لاہور نے شہباز شریف فیملی کے خلاف 7 ارب سے زائد کا ریفرنس دائر کر رکھا ہے، ریفرنس میں شہباز شریف، حمزہ شہباز اور سلمان شہباز، نصرت شہباز سمیت سولہ افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ 28 اگست کو قومی احتساب بیورو نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف فیملی کے خلاف منی لانڈرنگ ریفرنس میں نیب کی خصوصی پراسیکیوشن ٹیم تشکیل دی تھی۔