اسلام آباد : جعلی بینک اکاؤنٹس کے ذریعے35ارب روپے منی لانڈرنگ کیس پر جے آئی ٹی آج حتمی رپورٹ پیش کرے گی، آصف زرداری اور فریال تالپور دو بار جے آئی ٹی کے روبرو پیش ہو چکے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں جعلی بینک اکاؤنٹس کے ذریعے35ارب روپے منی لانڈرنگ کیس کی سماعت آج ہوگی، جے آئی ٹی آج کیس پر حتمی رپورٹ عدالت میں پیش کرے گی۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے جےآئی ٹی کو19دسمبر کو رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی تھی، اس سلسلے میں آصف زرداری اور فریال تالپور دو بار جے آئی ٹی کے روبرو پیش ہو چکے ہیں۔
آصف زرداری کے قریبی ساتھی اومنی گروپ کے مالک انور مجید مذکورہ کیس میں گرفتار ہیں، اے ڈی جی ایف آئی اے احسان صادق کی سربراہی میں جےآئی ٹی تحقیقات کررہی ہے۔
مختلف سماعتوں کے دوران ایف آئی اے کئی رپورٹس سپریم کورٹ میں جمع کراچکی ہے، رپورٹ کے مطابق جعلی اکاؤنٹس 13-2015کے دوران6سے10ماہ کےلیے کھولے گئے، ان اکاؤنٹس کے ذریعے35ارب روپے کی منی لانڈرنگ کی گئی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل27 اگست کو منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور نے ایف آئی اے کے سامنے پیش ہوکر بیان ریکارڈ کرایا تھا، ایڈیشنل ڈی جی ایف آئی اے نجف مرزا نے منی لانڈرنگ کیس میں آصف علی زرداری اور فریال تالپور سے 38 منٹ تک پوچھ گچھ کی جس کے دوران مختلف سوالات پوچھے گئے۔
جعلی بینک اکاؤنٹس کے ذریعے منی لانڈرنگ کرنے کے کیس میں آصف زرداری اور فریال تالپور بھی نامزد ہیں، نجی بینک کے سربراہ حسین لوائی اور طحہٰ رضا جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں، جبکہ فریال تالپور سمیت کیس کے 4ملزمان نے گرفتاری سے بچنے کے لیے عبوری ضمانت لے رکھی ہے، ایف آئی اے نے کیس میں سابق صدر آصف زرداری سمیت 20 ملزمان کو مفرور قرار دیا ہے۔