کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل نے مشیر برائے کلائمٹ چینج ملک امین اسلم سے ملاقات کے دوران بتایا کہ شجر کاری مہم مانیٹر کرنے کے لیے کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل سے مشیر برائے کلائمٹ چینج ملک امین اسلم کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں ریڈ لائن پروجیکٹ کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
ملاقات میں مشیر ملک امین اسلم نے کہا کہ وفاق پروجیکٹ کے لیے 48 ملین ڈالرز گرین کلائمٹ فنڈز سے فراہم کرے گا۔ دنیا کا پہلا زیرو کاربن اخراج منصوبہ ہوگا۔
ملک امین نے گورنر سندھ کو الیکٹریکل وہیکل پالیسی اور گرین اینڈ کلین چیمپئن اسکیم سے آگاہی دی۔ بریفنگ میں انہوں نے بتایا کہ تعلیمی اداروں میں گرین اینڈ کلین چیمپئن اسکیم سینٹرز قائم کیے جائیں گے۔
گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی میں آلودگی سے پاک اور سستی سفری سہولتیں فراہم ہوں گی، گورنر سندھ کی سربراہی میں شجر کاری مہم مانیٹر کرنے کے لیے کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔
اس سے قبل گورنر سندھ نے 16 ممالک کے دفاعی اتاشیوں اور سفارتی عملے کے وفد سے ملاقات کے دوران کہا تھا کہ کامیاب سفارت کاری سے مشترکہ مفادات کا تحفظ یقینی بنانے میں مدد ملتی ہے، پاکستان خطے سمیت دیگر ممالک سے اقتصادی تعاون بڑھانے کا خواہش مند ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ سفارتی وفود کے تبادلوں سے سرمایہ کاری میں اضافہ کیا جاسکتا ہے، موجودہ حکومت کے دور میں معیشت کے ہر شعبے میں ترقی ہو رہی ہے۔