بینکاک: تھائی لینڈ میں ایک سڑک پر سیکڑوں بندروں کے دو گروپس کے درمیان ’کھلی جنگ‘ چھڑ گئی۔
تفصیلات کے مطابق تھائی لینڈ کے وسطی ریجن کے صوبے لوپبری میں ایک غیر معمولی گینگ وار دیکھی گئی، یہ جنگ بندروں کے دو گروپس کے درمیان چھڑی، جب وہ خوراک کے حصول کے لیے ایک دوسرے کے آمنے سامنے آ گئے۔
آن کی آن میں سیکڑوں کی تعداد میں بندر قریبی پارک سے نکلے اور ایک ٹریفک جنکشن کے قریب سڑک پر پھیل گئے، جس کی وجہ سے سڑک پر ٹریفک جام ہو گیا، چلتی گاڑیاں رک گئیں، ڈرائیور انتظار کرنے لگے کہ بندر جائیں تو وہ آگے جائیں۔
اس غیر معمولی گینگ وار کی ویڈیو ایک کیمرے میں قید ہو گئی، جسے بعد میں فیس بک پر شیئر کیا گیا، اور اس کے بعد یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی۔
مقامی میڈیا کا کہنا تھا کہ بندروں کے درمیان یہ جنگ خوراک کی کمی کی وجہ سے چھڑی تھی، اور یہ واقعہ مقامی بدھ مندر کے قریب پیش آیا جو مقبول سیاحتی مقام ہے، تاہم کرونا وبا کی وجہ سے سیاحت پر پابندی ہے، اسی وجہ سے علاقے میں کوئی سیاح موجود نہیں ہے۔
اس سے قبل سیاح جب مندر دیکھنے آتے تھے تو ان بندروں کو کھانا بھی کھلایا کرتے تھے، اب جب کہ مقامی لوگ بھی گھروں میں بند رہتے ہیں تو ان بندروں کو خوراک کی شدید قلت کا سامنا ہے۔
Fight club! 🐒 Monkeys in Lopburi are at war with each other again. A shortage of food offerings from tourists is said to be the reason the crab-eating macaques have been seen brawling in recent times. #Thailand #Lopburi #Monkeys pic.twitter.com/3Sewoc4g1X
— Globe – Bangkok’s News + Lifestyle (@GlobeBangkok) July 26, 2021
بندروں کی ویڈیو بنانے والے شخص نے فیس بک پر کہا کہ کچھ عرصے سے بندروں کے مابین اگرچہ کشتی اب عام ہو گئی ہے، تاہم اس طرح کا منظر انھوں نے پہلے کبھی نہیں دیکھا، ایسا لگتا تھا جیسے گینگسٹر فلم کا کوئی منظر ہو۔
افسوس ناک امر یہ تھا کہ اس گینگ وار میں کئی بندر شدید زخمی ہو گئے تھے، اور سڑک پر ان کا خون پھیلا ہوا تھا۔