سری لنکا گزشتہ روز تاریکی میں ڈوب گیا اور تمام امور ٹھپ ہوگئے جب اس کی وجہ جانی گئی تو ایک بندر کا ہاتھ اس بڑے واقعہ میں نظر آیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق جزیرائی ملک سری لنکا اچانک بجلی معطل ہونے کی وجہ سے گزشتہ روز مکمل تاریکی میں ڈوب گیا اور پیر تک مکمل طور پر بجلی بحال نہیں ہو سکی تھی۔
رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں ہونے والے بجلی کے بریک ڈاؤن کے باعث سری لنکا میں معمولات زندگی درہم برہم اور بجلی پر انحصار کرنے والا نظام ساکت ہوگیا۔ کئی اسپتالوں میں متعدد آپریشنز بھی منسوخ کرنے پڑے۔
بعد ازاں متعلقہ حکام اور تیکنیکی عملے نے جنوبی کولمبو میں سیلون الیکٹرسٹی بورڈ کے گرڈ اسٹیشن میں آنے والی فنی خرابی کو دور کر کے کئی گھنٹوں بعد بجلی بحال کی تاہم پیر تک کئی علاقے بجلی سے محروم تھے۔
جب اس ملک گیر بجلی بریک ڈاؤن کی تحقیق کی گئی تو اس کے پیچھے ایک شرارتی جانور بندر کا ہاتھ نظر آیا۔
اس حوالے سے سری لنکا کے وزیر توانائی کمارا جایا کوڈے نے بیان دیا ہے کہ ایک بندر ہمارے گرڈ اسٹیشن میں گھس گیا تھا اور اس نے گرڈ کے آلات سے چھیڑ چھاڑ کی، اسی دوران وہ ٹرانسفارمر سے ٹکرایا جس کی وجہ بجلی کا نظام متاثر ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ انجینیئرز بجلی کے نظام کو جلد سے جلد بحال کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ کچھ علاقوں میں بجلی بحال کر دی گئی ہے، لیکن ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ مکمل طور پر بجلی بحال کب تک ہو سکے گی۔