لاہور: پنجاب کی حدود میں قائم 6 ائیرپورٹس پر مشبہ منکی پاکس مسافروں کیلیے قرنطینہ سینٹرز بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر صوبائی وزرائے صحت خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر نے لاہور ائیرپورٹ میں منکی پاکس اسکریننگ کاؤنٹر و دیگر ایریاز کا دورہ کیا۔ اس موقع پر سربراہ ٹیکنیکل گروپ پروفیسر جاوید اکرم بھی صوبائی وزراء صحت کے ہمراہ تھے۔
بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کیلیے قائم منکی پاکس کی اسکریننگ سہولیات کا جائزہ لیا گیا جبکہ اجلاس میں بیماری کی روک تھام کیلیے چند اہم فیصلے کیے گئے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبے کی حدود میں قائم 6 ائیرپورٹس پر مشبہ منکی پاکس مسافروں کیلیے قرنطینہ سینٹرز بنائے جائیں گے۔
صوبائی وزرائے صحت نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے منظور شدہ پروٹوکولز کے مطابق ائیرپورٹس پر قرنطینہ سینٹرز کیلیے جگہ مختص کی جا رہی ہے، دیگر مسافروں اور ملازمین کو قرنطینہ سینٹرز میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ ایئرپورٹس پر تعینات وفاقی و صوبائی عملہ کی منکی پاکس سے بچاؤ کی ویکسینیشن کی جائے گی، محکمہ صحت کے ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈیکس کی منکی پاکس کے حوالے سے ٹریننگ کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسپتالوں میں قرنطینہ وارڈز بھی قائم کیے جائیں گے، سول ایوی ایشن کی جانب سے تمام ایئرلائنز کو منکی پاکس کے حوالے سے ایس او پیز پر عمل درآمد کروانے کی ہدایت کی گئی ہے۔