اسلام آباد : منکی پاکس کےخطرے سے نمٹنے کیلئے تمام ائیرپورٹس پر ہائی الرٹ ہیں ، اڑتالیس گھنٹے کے دوران مجموعی طور 19ہزار 412 مسافروں کی اسکریننگ کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر کے تمام ائیر پورٹس پر منکی پاکس وائرس کی اسکریننگ جاری ہے، ایئرپورٹس پر مسافروں کی اڑتالیس گھنٹے کے دوران اسکریننگ کی۔
گزشتہ دو روز کے دوران بیرون ملک سے ایک سو چالیس پروازیں پاکستان آئیں، مجموعی طور انیس ہزار چار سو بارہ مسافروں کی اسکریننگ کی گئی۔
اسلام آباد ایئرپورٹ پر چالیس پروازوں کے پانچ ہزار چار سو پچاسی مسافروں کی اسکریننگ کی گئی، ایک مسافر کو وائرس کی علامات پر آئیسولیشن میں بھیجا گیا، بارڈر ہیلتھ سروسز نے ٹیسٹ رپورٹ منفی آنے پر مسافر کو گھر جانے کی اجازت دی۔
علامہ اقبال ایئرپورٹ لاہور پر بتیس پروازوں کے چھ ہزار مسافروں کی اسکریننگ ہوئی، کراچی ایئرپورٹ پر پینتیس پروازوں کے چار ہزار دو سو چودہ مسافروں کی اسکریننگ ہوئی، کراچی ائیرپورٹ پر آنے والے مسافروں میں باون ڈیپورٹیز بھی شامل تھے۔
ملتان ایئرپورٹ پر بارہ پروازوں سے پندرہ سو اکہتر مسافروں کی اسکریننگ کی گئی، پشاور ایئرپورٹ پر چھ پروازوں سے چھ سو بیاسی مسافروں کی اسکریننگ کی گئی۔
فیصل آباد ایئرپورٹ پر تین پروازوں کے ذریعے آئے دو سو نواسی مسافروں کی اسکریننگ ہوئی،مسافروں کی ایئرپورٹس پر تھرمل مشین کے ذریعے اسکریننگ کی جا رہی ہے۔