کراچی: محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی سمیت سندھ میں آج شام یا رات کو مون سون کے ساتویں اسپیل کے داخل ہونے کا امکان ہے جس کے باعث کل رات تک بارش ہوسکتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بے آف بنگال میں بننے والے سسٹم کے اثرات آج کراچی میں بارش کا سبب بنیں گے، بارش کا سلسلہ 2 سے 3 دن تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج شام یا رات کو مون سون کے ساتویں اسپیل کے داخل ہونے کا امکان ہے، ساتویں اسپیل کے باعث کراچی میں کل رات تک بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ساتویں اسپیل کی شدت گزشتہ اسپیل سے کم ہوگی، مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے ہلکی اور تیز بارش متوقع ہے، دن بھر مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب سندھ میں ایک بار پھر طوفانی بارشوں کے امکان کے پیش نظر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے ڈپٹی کمشنرز اور ڈی ڈی ایم ایز کو الرٹ جاری کردیا، پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ تمام ادارے اپنے انتظامات پورے رکھیں۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ زیریں سندھ کے علاقے بارشوں سے دوبارہ زیر آب آسکتے ہیں۔