کوئٹہ : تیز بارشوں کے باعث بلوچستان کے 300 سے زائد دیہات زیر آب آگئے، ریسکیو ٹیموں کی جانب سے متاثرہ علاقوں میں پھنسے لوگوں کو ہیلی کاپٹر کا استعمال کیا جارہا ہے۔
تفصیلات کے مطاب حالیہ مون سون بارشوں کے دوران دیگر شہروں کی طرح بلوچستان کے بھی بیشتر اضلاع زیر آب آگئے، بلوچستان کے بعض اضلاع میں 278 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
ترجمان بلوچستان لیاقت شاہوانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے 15 اضلاع بارش سے شدید متاثر ہوئے ہیں، بارشوں سے میرانی اور شادی ڈیم کے اسپل ویز کھولنے پڑے۔
ترجمان بلوچستان نے بتایا کہ پی ڈی ایم اے بلوچستان کیلئے 35 کروڑ روپے جاری کیے جاچکے ہیں۔
لیاقت شاہوانی نے کہا کہ بارشوں سے بلوچستان میں 8 افراد جاں بحق،17 زخمی ہوئے ہیں جبکہ این 65 کوئٹہ، جیکب آباد شاہرہ پل ٹوٹ گیا ہے۔
ترجمان بلوچستان کا کہنا تھا کہ ٹرانسپورٹ متاثر ہونے پر ریلوے کو درخواست کی ہے کہ وہ بلوچستان کےلیے سروسز فراہم کرے، ریسکیو ٹیمیں کوشش کررہی ہیں کہ کوسٹل ہائی وے پر پڑنے والے شگاف کو ختم کرکے ٹرانسپورٹ بحال کردی جائے۔
ترجمان بلوچستان حکومت کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ میں مرکزی کنٹرول روم قائم کردیا گیا ہے، بارشوں سے متاثرہ سڑکوں کی بحالی کا کام جاری ہے، پاک فوج بحالی کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سبی، کوہلو روڈ ٹریفک کےلیے بحال کردیا گیا ہے، بلوچستان کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں کا امکان ہے، لوگ محتاط رہیں، بارشوں سے مویشیوں اور فصلوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔