اسلام آباد: دنیا بھر میں مالیاتی نظم ونسق کی بنا پر درجہ بندی کرنے والی بین الاقوامی کمپنی موڈیز نے پاکستان کو بڑی خوشخبری سنادی ہے۔
تفصیلات کے مطابق موڈیز نے پاکستان کا بینکنگ آؤٹ لک مستحکم قرار دے دیا ہے، موڈیز کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ کرونا صورتحال کے باوجود بینکاری سیکٹر میں لکویڈٹی بہتر ہے، پاکستان میں بینکاری نظام میں ترقی کے امکان خوش آئند ہیں۔
موڈیزکی رپورٹ کے مطابق سال دوہزار اکیس میں پاکستانی معاشی ترقی مالی 1.5فیصد رہے گی جبکہ پاکستان کی معاشی سرگرمیاں کرونا سے پہلے کی سطح پربرقرار رہےگی، اس کے علاوہ رواں سال نجی شعبے کو قرضوں کی فراہمی 5 سے7 فیصد رہے گی۔
موڈیز نے اپنی رپورٹ میں سال 2022 میں پاکستان کی معاشی نمو بڑھنے کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا کہ 2022 میں پاکستان کی معاشی نمو 4.4فیصد تک ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: موڈیز نے پاکستان کا ریٹنگ آؤٹ لک بڑھا کر مستحکم کر دیا
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی کرونا وبا کےدوران کامیاب حکمت عملی کے باعث صنعتوں کا پہیہ چلتا رہا، عالمی وبا کے دوران پاکستان میں تعمیرات کے شعبے میں نمایاں بہتری آئی۔
یاد رہے کہ گذشتہ سال اگست میں عالمی وبا کی پہلی لہر کے دوران عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے پاکستان کا ریٹنگ آؤٹ لک بڑھا کر مستحکم کیا تھا اور پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ بھی B تھری پر برقرار رکھی تھی۔
بعد ازاں فچ نے بھی پاکستان کی معیشت کا آؤٹ لُک مستحکم قرار دے دیا تھا۔