اسلام آباد : موڈیز نے پاکستان کی ریٹنگ مزید بہتر کردی اور معیشت کے آؤٹ لک کو بھی مثبت قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ مستحکم سے مثبت کردی اور ریٹنگ سی ڈبل اے تھری سے بڑھا کرسی ڈبل اے ٹو کرتے پاکستان کی معیشت کے آؤٹ لک کو بھی مثبت قرار دے دیا۔
عالمی ریٹنگ ایجنسی نے مزید کہا کہ پاکستان کا ڈیفالٹ رسک سی ڈبل اے ٹو کی درجہ بندی کے مطابق کم ہو گیا، پاکستان کےآئی ایم ایف سے 7 ارب ڈالر معاہدے سے بہتری آئی ہے، آئی ایم ایف کا ایگزیکٹوبورڈچند دنوں میں 7ارب ڈالر کی منظوری دے گا۔
ریٹنگ ایجنسی کے مطابق پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائربیرونی مالیاتی ضروریات پوری کرنےکیلئے درکارحد سےکم ہیں، بیرونی قرض کی ذمےداریوں کو پورا کرنے کیلئے بروقت فنانسنگ پرانحصارہوگا۔
ریٹنگ ایجنسی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی سی ڈبل اے ٹو کی درجہ بندی انتہائی کمزور قرض کی استطاعت کی عکاسی کرتی ہے، جس سے قرضوں کی پائیداری کاخطرہ بڑھ جاتا ہے، توقع ہے سود کی ادائیگیوں کیلئے تین سال میں تقریباً آدھا حکومتی ٹیکس خرچ ہوگا۔